- سرورق
- شعراء کی فہرست حروف تہجی سے
- ن
- نگہت نسیم
- ھو سکے تو اپنے آنے سے پہلے خود کوبھیج دو
نگہت نسیم
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں مقیم ڈاکٹر نگہت نسیم پیشے کے اعتبارسے ماہر
نفسیات ہیں اور اردو ادب اور صحافت پر بھی دسترس رکھتی ہیں۔ وہ
بنیادی طور پر ایک افسانہ نگار ہیں اور انکے افسانوں کے دو مجموعے''گرد بادِ حیات'' اور ''مٹی کا سفر''
شائع ہو چکے ہیں لیکن نظم نگاری میں انکا منفرد اور بے باک انداز اظہار
انہیں عہد حاضر کے نظم نگاروں میں ممیز کرتا ہے۔ڈاکٹر نگہت نسیم میرا جی کے بعد نظم کو غزل کے مقابلے میں اسکا کھویا ہوا وقار واپس دلوانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہیں اس امر کا ادراک ہے کہ انکا مزاج غزل گوئی کا نہیں اس لیئے انہوں نے غزل کے مصرعے زبردستی جوڑنے کی بجائے حقیقی اور خالص نظم لکھنے پر ہی خود کومرکوز رکھا ہے۔انکے افسانے پاکستان کے
اکثر جریدوں میں برسوں سے شائع ہو رہے ہیں۔نگہت نسیم سڈنی میں ایک عرصہ سے ریڈیوایف ایم 100.9
کی اردو سروس کے پروگرام “ ریڈیو دوستی “ کی میزبان ھیں ۔ اٍس کے ساتھ
ساتھ ملٹی کلچر آرٹس کی جانب سے ٹی وی ایس پر پیش کیا جانے والا پروگرام “ دیسی ٹی وی “ میں بھی میزبانی کرتی ھیں ۔
خاموشی نے صداؤں کا لبادہ اوڑھ لیا ہے
ہوائیں مجھے چھو کر گزرتی ہیں تو فضا میں جیسے بربط بجنے لگتے ہیں
میرے دوپٹے کا آنچل میرے سینے پر ٹھہرتا ہی نہیں
میں بااختیار ہو کر بھی بےاختیار سی ہوں
شاید یہ موسم ہی بے اختیاریوں کا موسم ھے
سحر زدہ موسم کہ جس کے ایک ایک لمحے میں جیسے جادو لکھا ہوا ہے
میرے ساحر
یہ جادو مجھے بھی تو سکھا دو
تا کہ میں بھی اپنے ہاتھوں کی لکیروں میں جب جی چاہے تمہاری صورت دیکھ سکوں
نا جانے یہ اسی فضا کے سحر کا اثر ہے کہ
تیری آشنا سانسیں مجھ سے باتیں کرتی رھتی ھیں
یا پھر یہ خود کلامی کا موسم ھے
میں خود سےصرف تمہاری باتیں کرتی ہوں
یا پھر یہ لپٹ جانے کا موسم ہے کہ میں اپنے بدن کے سائے سے
لپٹی رہتی ہوں
ہو سکتا ہے کہ یہ سمٹ جانے کا موسم ہو کہ میں تمہارے خیال میں
سمٹی رہتی ہوں
میرے ساحر
سنو
ھو سکے تو اپنے آنے سے پہلے خود کوبھیج دو
شاید سارے موسم بدل جائیں!
Spread The Word
2 Responses to "ھو سکے تو اپنے آنے سے پہلے خود کوبھیج دو" 
|
said this on 31 Aug 2008 6:01:00 AM CST
ufffff ye kia tha ............??
|


Author)